لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنرپنجاب رفیق رجوانہ، کور کمانڈر لاہور لفٹینٹ جنرل صادقی علی، پاکستان رینجرز اور نیوی کے افسران نے شرکت کی، سٹیشن کمانڈر نیوی کموڈور ایس ایم شہزاد نے گارڈز آف آنر کا معائنہ کیا، پاکستان نیوی کے چاق و چوبند دستے نے مزار اقبال پر سلامی دی، مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور فاتحہ خوانی کی گئی، اس موقع پر رینجرز کی جگہ پاک نیوی کے دستے نے مزار پر گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں، بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا کہ مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے، نوجوان نسل کو ان کے نقشے قدم پر چل کر پاکستان کو ترقی کی جانب گامزن کرنا ہے۔ مزار اقبال پر بچوں اور خواتین سمیت شہریوں کی بھی بڑی تعداد موجود تھی، ان کا کہنا تھا کہ وہ مزار پر حاضری دیکر بہت خوش ہیں، علامہ اقبال نے قوم کی ترقی میں نوجوانوں کے کردار کو بہت اہمیت دی۔ تقریب کے اختتام پر کور کمانڈر لاہور لیفٹینٹ جنرل صادق علی ،گریژن کمانڈر لاہور میجرجنرل طارق امان نے مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات قلمبند کیے اور برصغیر کے مسلمانوں کو بیدار کرنے اور راہنمائی فرمانے پر عظیم فلسفی شاعر کو خراج تحسین پیش کیا۔
علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد
Nov 09, 2015 | 22:05