بھارتی نوجوان نے پائلٹ بننے کے بعد اپنے پورے گاؤں والوں کو جہاز کے سفر کا تحفہ دیا

Oct 10, 2018 | 16:16

بھارتی نوجوان نے پائلٹ بننے کے بعد اپنے پورے گاؤں والوں کو جہاز میں سفر کرانے کا تحفہ دیا اور نئی نسل کے لیے ایک مثال قائم کردی۔ نوجوان پائلٹ ویکاس جیانی کا تعلق بھارتی شہر جالندھر کے گاؤں سارنگ پور سے ہے، جس کا خواب بچپن سے ہی پائلٹ بنے کا تھا اور پائلٹ بن کر اپنے گاؤں کا نام روشن کرنا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ویکاس جیانی نے بطور پائلٹ پہلی کامیاب پرواز کرنے کے بعد اپنے گاؤں کے 22 افراد کو جہاز کا سفر کروایا، جن میں سب کی عمر 70 برس سے زائد تھی۔ نوجوان نے گاؤں کے بزرگوں کو اپنی فلائٹ میں نئی دہلی سے امرتسر کا ہوائی سفر کروایا جس کے بعد ان بزرگوں نے گولڈن ٹیمپل، جلیاں والہ باغ اور واہگہ بارڈر کا دورہ کیا جبکہ اس تحفے پر تمام بزرگوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ بھی کبھی جہاز کا سفر کریں گے۔ والد کے مطابق ویکاس ہمیشہ بڑوں کا ادب و احترام کرتا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ آج کے نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہے۔

مزیدخبریں