پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کل برسبین میں کھیلا جائے گا۔

Jan 12, 2017 | 11:31

آسٹریلیا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش شکست ماضی کا قصہ بن چکا، اب نیا امتحان پاکستان کا منتظر ہے، شاہین سبزرنگ کی کِٹ پہن کر کینگروز کیساتھ ایک روزہ فارمیٹ میں دو دو ہاتھ کرنے جارہے ہیں، مصنوعی روشنی میں کھیلا جانے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے شروع ہوگا، سیریز سے قبل ہی قومی ٹیم کو دو دھچکوں کا سامنا کرنا پڑا،،محمد عرفان کو والدہ کے انتقال کے باعث واپس جانا پڑا۔ سرفراز احمد بھی والدہ کی علالت کی وجہ سے پاکستان میں موجود ہیں۔
آئی سی سی رینکنگ میں قومی ٹیم نواسی پوائنٹس کیساتھ آٹھویں نمبر پر براجمان ہے اور ورلڈ کپ میں براہ راست جگہ بنانے کیلئے اُسے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز میں کم از کم ایک فتح درکار ہے۔
ریکارڈز بک پر نظر دوڑائی جائے تو ہوم سائیڈ کو پاکستان پر واضح سبقت حاصل ہے، اب تک کھیلے گئے ترانوے میچز میں سے پاکستان نے اکتیس میچز جیتے ،اٹھاون میں شکست ،ایک میچ ٹائی اور تین بے نتیجہ رہے، دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ ورلڈ کپ دو ہزار پندرہ میں آمنے سامنے ہوئی تھیں جس میں آسٹریلیا نے کامیابی سمیٹی تھی۔

مزیدخبریں