فرانس میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے "آپریشن بنیان مرصوص" کی کامیابی پر خوشی کا اظہار

May 13, 2025 | 17:09

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح اور پاک افواج کی شاندار کارکردگی پر فرانس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ پیرس سمیت مختلف شہروں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا جہاں مقررین نے "آپریشن بنیان مرصوص" کی کامیابی کو قومی غیرت، عسکری حکمتِ عملی اور مضبوط قیادت کی علامت قرار دیا۔چئیرمین پاکستان بزنس فورم یورپ سردار ظہور اقبال نے پوری قوم کو اس تاریخی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نے دشمن کو نہ صرف مؤثر اور بھرپور جواب دیا بلکہ عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب رقم کیا ہے۔ آج ہر محبِ وطن پاکستانی کا سر فخر سے بلند ہے۔ مسلم لیگ (ن) فرانس کے چئیرمین راجہ علی اصغر نے پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاہمارے شاہینوں نے جو جرات، مہارت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، وہ نہ صرف ہماری عسکری صلاحیتوں کا ثبوت ہے بلکہ ہماری خودداری اور اصول پسندی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔اسی طرح وزیر اعظم آزاد کشمیر کے سابقہ کوآرڈینیٹر اور فرانس میں متحرک کشمیری رہنما نعیم چوہدری نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہر آزمائش میں اپنی فوج اور ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ دنیا کو یہ پیغام دینا ضروری ہے کہ مسائل کا حل جنگ نہیں بلکہ باوقار اور پرامن مذاکرات میں ہے۔ دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں نے حکومت پاکستان ، ہماری افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے ملک کی سالمیت کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ان کا کہناتھا کہ دنیا کے ہر فورم پر پاکستان کا مقدمہ لڑنے کے لیے تیار ہیں اور ہر نازک موقع پر ریاست پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ 

مزیدخبریں