امریکا کا ایران کے ضبط شدہ ہتھیار یوکرین بھیجنے پرغور

Feb 15, 2023 | 10:06

امریکی فوج کا یمن میں ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کے لیے بھیجے گئے مگر اب ضبط شدہ ہزاروں ہتھیاراور دس لاکھ سے زیادہ گولیاں یوکرین کوبھیجنے پرغورکررہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی حکام کاکہنا ہے کہ وہ یوکرین کوپانچ ہزار سے زیادہ آتشیں رائفلیں، چھوٹے ہتھیاروں کی16 لاکھ گولیاں، تھوڑی تعداد میں ٹینک شکن میزائل اور حالیہ مہینوں میں ایران کے لیے کام کرنے والے اسمگلروں سے پکڑے گئے سات ہزارسے زیادہ فیوز بھیجنے پر غور کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ کے لیے ایک چیلنج ضبط شدہ ہتھیاروں کو یوکرین منتقل کرنے کا قانونی جوازتلاش کرنا ہے کیونکہ اقوام متحدہ کی اسلحہ کی پابندی کے تحت امریکااور اس کے اتحادیوں کوایسے ضبط شدہ ہتھیاروں اورگولہ بارودکوتباہ، ذخیرہ یا ٹھکانے لگانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بائیڈن انتظامیہ کے وکلا اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ آیاایساکوئی قانونی سُقم موجود ہے جو اس اسلحہ کو یوکرین میں منتقلی کی اجازت دے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں امریکا اور فرانس کی فورسز نے ایران سے بھیجی گئی ان ہزاروں آتشیں رائفلوں اور گولہ بارود کوضبط کیا ہے۔انھوں نے ایران کویمن میں ہتھیاروں کی اسمگلنگ سے روکنے کی عالمی کوششوں کے حصے کے طورپریہ کارروائیاں کی ہیں۔  ایک امریکی عہدہ دارکے حوالے سے کہا گیاکہ یہ ایک پیغام ہے کہ ایران کے آلہ کاروں کو اسلحہ کی ترسیل روکنے کے لیے ہتھیار اٹھائے جائیں اوریوکرین میں اپنی ترجیحات کوپلٹ دیا جائے،جس پرحملے کرنے کے لیے ایران روس کو اسلحہ مہیاکررہا ہے۔ امریکااور اس کے اتحادیوں نے ایران پرالزام عاید کیا ہے کہ وہ یمن میں حوثیوں کو میزائل، ڈرون اور دیگر ہتھیار مہیاکررہا ہے اورایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں نے ان ہتھیاروں کوسعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور یمنی فورسز پر حملوں کےلیے استعمال کیا ہے۔ ایران یمنی حوثیوں کی کھلے عام سیاسی حمایت کرتا ہے لیکن اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انھیں ہتھیاروں کی منتقلی سےانکارکرتا ہے۔

مزیدخبریں