الیکشن کمیشن نے ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں

Jun 15, 2017 | 22:20

الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کے مالی اثاثوں کی تفصیلات جاری کی ہیں ، جس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف 1 ارب 62 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے ساتھ امیر ترین ارکان پارلیمنٹ میں شامل ہیں، وزیراعظم نے اثاثوں میں بیرون ملک کوئی جائیداد ظاہر نہیں کی، نواز شریف نے جاتی عمرہ رائیونڈ کی جائیداد کی قمیت 40 لاکھ روپے اور اپر مال لاہور میں جائیداد کی قیمت 25 کروڑ روپے ظاہر کی ہے،،، وزیراعظم کے پاس 70 لاکھ روپے کا فرنیچر، 50 لاکھ روپے مالیت کے جانور اور پرندے ہیں۔ نواز شریف نے اپنی اہلیہ کلثوم نواز کے زیورات کی مالیت 15 لاکھ روپے ظاہر کی ہے، تین گاڑیوں اور دو ٹریکٹرز کے مالک ہین،،، حسین نواز نے 2016 میں بھی وزیراعظم کو 23 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد رقم بیرون ملک سے بھجوائی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان 1 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، عمران خان نے بھی بیرون ملک کوئی اثاثہ ظاہر نہیں کیا، عمران خان نے بنی گالہ اراضی کو تحفہ ظاہر کرتے ہوئے اس کی موجودہ مالیت 75 کروڑ روپے ظاہر کی ہے۔ عمران خان نے خان ہاوس میں دفتر کی مالیت 59 لاکھ روپے جبکہ بنی گالہ کے گرد باؤنڈری وال کی مالیت 69 لاکھ روپے ظاہر کی۔ عمران خان نے وراثت میں ملنے والے زمان پارک گھر کی مالیت 29 کروڑ 60 لاکھ روپے بتائی ہے، گوشواروں کے مطابق عمران خان نے 4 کروڑ 87 لاکھ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، ان کے پاس 6 لاکھ روپے کا فرنیچر اور 2 لاکھ روپے مالیت کی چار بکریاں بھی ہیں، عمران خان کے استعمال میں ذاتی کوئی گاڑی نہیں۔ حمزہ شہباز کے اثاثوں کی کل مالیت 35 کروڑ روپے سے زائد ہے، شیخ رشید 4 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ وزیر داخلہ چودھری نثار نے وراثت میں ملنے والی جائیداد کی مالیت ظاہر نہیں کی۔ مولانا فضل الرحمن 64 لاکھ روپے سے زائد، کیپٹن صفدر 1 کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، کیپٹن صفدر نے اہلیہ مریم نواز کو 60 لاکھ روپے مالیت کی یو اے ای سے ملنے والی گاڑی بھی اثاثوں میں ظاہر کی ہے۔

مزیدخبریں