خیبرپختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور فلش فلڈ کے نتیجے میں 307 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہو چکے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کی گئی ابتدائی رپورٹ میں تصدیق کی گئی ہے کہ جاں بحق افراد میں 279 مرد، 15 خواتین اور 13 بچے شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف حادثات میں 74 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 63 مکانات جزوی جبکہ 11 مکمل طور پر منہدم ہوئے۔یہ افسوسناک حادثات خیبرپختونخوا کے اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، تورغر، مانسہرہ، شانگلہ اور بٹگرام میں پیش آئے۔ بونیر، باجوڑ، اور بٹگرام کو سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع قرار دیا گیا ہے، جبکہ ضلع بونیر میں 184 افراد جاں بحق ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، شدید بارشوں کا سلسلہ 21 اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔متاثرہ اضلاع کے لیے امدادی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں اور تمام ضلعی اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی موسمی پیشگوئیوں کے تناظر میں ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت جاری کی تھی۔ اب ادارے کی امدادی ٹیمیں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ سیاحتی مقامات پر بند ہونے والی سڑکوں اور رابطہ شاہراہوں کی فوری بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ عوام کو موسمی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور خود کو محفوظ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل فعال ہے اور عوام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں اور فلش فلڈ سے اب تک 307 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہو چکے ہیں۔ پی ڈی ایم اے
Aug 16, 2025 | 12:52