ملتان :تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی مظہرعباس سپرد خاک

Jan 17, 2019 | 13:51

ملتان(اے این این) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی مظہرعباس راں کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کردیا کردیا ۔تفصیلات کے مطابق 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ملتان کی نشست پی پی 218 سے الیکشن لڑ کر پنجاب اسمبلی کے رکن بننے والے مظہرعباس کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، مرحوم کو آبائی قبرستان قادرپور راں میں سپرد خاک کردیا گیا۔نماز جنازہ میں گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے شرکت کی۔ مرحوم کو آبائی قبرستان قادرپور راں میں سپرد خاک کردیا گیا۔مرحوم مظہر عباس راں کی طبیعت دو روز قبل اسمبلی اجلاس کے دوران خراب ہوئی تھی۔ اجلاس کے دوران رکن اسمبلی کا اچانک بلڈپریشر بڑھ گیا تھا جس کے بعد انہیں ریسکیو 1122 کے ذریعے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ڈاکٹرز نے مظہرعباس راں کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا مگر گزشتہ رات ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہوسکے۔یکم فروری 1953 کو پیدا ہونے والے مظہر عباس راں نے ملتان کے کالج سے 1978 میں گریجویشن کی تعلیم مکمل کی اور سیاست کی دنیا میں قدم رکھا۔مظہر عباس نے سیاست کا آغاز 1988 میں پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم سے کیا، انہوں نے پی پی 166 کی نشست پر شاہ محمود قریشی کے خلاف الیکشن لڑا مگر اس میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے، بعد ازاں 1990 اور 1997 میں بھی انہیں شاہ محمود قریشی نے شکست دی۔مرحوم نے بعد ازاں مسلم لیگ ن میں شمولیت اختیار کی اور 2002 میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی، البتہ 2008 کے الیکشن میں آپ کو پی پی کے امیدوار ملک ارشد کے ہاتھوں شکست کھانی پڑی،مرحوم ملتان کی سیاست میں نمایاں مقام رکھتے تھے، آپ نے حالیہ انتخابات سے قبل عمران خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی جس کے بعد پی ٹی آئی نے آپ کو پی پی 218 سے ٹکٹ جاری کیا اور آپ دوسری بار رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔

مزیدخبریں