برسلز اور ڈنمارک: معرکہ مرصوص میں پاک فوج کی کامیابی،پاکستانی کمیونٹی کا جشن

May 18, 2025 | 15:40

یورپی دارالحکومت برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے سامنے پاکستانی اور کشمیری تارکینِ وطن نے افواجِ پاکستان کی حمایت میں پرامن مظاہرہ کیا، جس میں بھارت کی حالیہ جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق یورپی دارالحکومت برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے سامنے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے ایک پُرامن احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ اس مظاہرے کا مقصد افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار، بھارت کی حالیہ جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنا تھا۔ رپورٹ کے مطابق مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں، کشمیریوں نے بھرپور شرکت کی اور ”پاکستان زندہ باد“ اور ” افواجِ پاکستان پائندہ باد“ جیسے نعرے لگا کر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ، چودھری پرویز اقبال لوسر اور کمیونٹی راہنما مہر صفدر علی نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے جو ہمیشہ امن کا حامی رہا ہے، مگر ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے جنرل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی افواج کی جانب سے دشمن کو مؤثر جواب دینے اور حالیہ کامیاب آپریشنز پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ پاکستانی اپنی افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور ہر قربانی کے لیے تیار ہیں۔ اس مظاہرے کی نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ مراکش، الجزائر، ترکی، تیونس اور دیگر اسلامی ممالک کے نوجوانوں نے بھرپور انداز میں پاکستان اور افواجِ پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا اور ”پاکستان زندہ باد“ اور ” افواجِ پاکستان زندہ باد“ کے فلک شگاف نعرے لگا کر اپنے جذبات کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ مقررین نے عالمی برادری، خصوصاً یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔ مظاہرے کا اختتام وطنِ عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ دوسری جانب افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور یوم تشکر منانے کے لیے پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کا ایک عظیم الشان اجتماع ڈنمارک میں انعقاد پذیر ہوا۔ ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن ڈنمارک اور پاکستان سول سوسائٹی ڈنمارک کے مشترکہ اشتراک سے منعقدہ پروگرام اظہار تشکر برائے افواج پاکستان میں ڈنمارک میں آباد پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے اپنے انداز سے فتح کا جشن منایا جس میں خواتین بچے سیاسی سماجی کاروباری مذہبی اور رفاعی حلقوں کی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ پروگرام میں مقامی کونسلرز میئر ڈپٹی میئر اور دیگر اہم مقامی شخصیات بھی فتح کے جشن میں شریک ہوئیں. ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن ڈنمارک کے صدر بابر خان اور پاکستان سول سوسائٹی ڈنمارک کے قائمقام صدر سید امیر مختار نقوی اور چوہدری افضال آف ڈھل نے پروگرام کو آرگنائز کیا۔ پروگرام میں ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین صدارتی ایوارڈ تمغہ خدمت ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے بطور چیف گیسٹ شرکت کی جبکہ میاں منیر مہمان خاص تھے۔ پاکستان کی اس عظیم فتح کو ڈنمارک میں کیک کاٹ کر منایا گیا. پاکستان زندہ باد افواج پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج رہی تھی. ملی نغموں کی دھن پر ہر کوئی رقص کرکے اس فتح کو اپنے انداز سے منا رہا تھا.سپہ سالار جنرل عاصم منیر زندہ باد پاک فضائیہ زندہ باد کے نعرے ڈنمارک کی شاہراؤں پر گونج رہے تھے. جسے ڈینش عوام اور دیگر کمیونٹیز وکٹری کا نشان بناکر پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کررہے تھے. پروگرام میں پی ٹی آئی مسلم لیگ ق مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی نے پہلی دفعہ ملکر پاکستان کی فتح کے جشن کو منایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا کہ ہمارے شاہینوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر بھارتی جارحیت کا جواب دیا ہے اسے تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جاۓ گا. انھوں نے کہا کہ جنگ میں شہید ہونے والے بچے خواتین اور بزرگ افراد کےلیے خصوصی دعائیں کی گئیں. اور مودی مردہ باد کے نعرے لگاۓ گئے. پروگرام میں سینئر صحافی راجہ غفور نے بھی خصوصی شرکت کی۔ 

مزیدخبریں