پاکستان کی خارجہ ترجیحات میں امریکہ نمبر ون نہیں چین نمبر ون ہے۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی

Oct 19, 2024 | 12:15

 اقوام متحدہ میں پاکستان کی سابق مستقل مندوب  ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ  پاکستان کی خارجہ ترجیحات میں امریکہ نمبر ون نہیں چین نمبر ون ہے ۔ وی او اے سے  بات چیت میں  سابق سفارتکار ملیحہ لودھی نے کہا کہ  اس وقت امریکہ پاکستان کی خارجہ ترجیحات میں نمبر ون نہیں ہے۔ پاکستان کی ترجیحات میں چین نمبر ون ہے۔ امریکہ کا جہاں تک تعلق ہے پاکستان چاہتا ہے کہ تعلقات معمول پر آئیں، نارمل ہوں اور بہتری کی جانب جائیں۔اس وقت میں سمجھتی ہوں کہ کہ تعلقات انفلیکشن پوائینٹ پر ہیں یعنی کہ ان کو ری ڈیفائن کرنے کی ضرورت ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ امریکہ میں جو نئی انتظامیہ آتی ہے امریکہ میں کیا اس کو دلچسپی ہو گی؟ یا وہ پاکستان کو صرف چین کے لینز سے دیکھے گی؟ان کا خیال ہے کہ اگر وہ حال کی طرح صرف چین کے لینز سے دیکھے گی تو پھر جو تعلقات کے چانسز ہیں وہ اتنے زیادہ نہیں ہوں گے۔"حال ہی میں عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کیلئے سات ارب ڈالر کے نئے پیکیج کی منظوری دی ہے۔ اس نئے قرض پروگرام کے منظور ہونے بعد یہ تاثر پیدا ہواتھا کہ شاید پاکستان کی پالیسی امریکی اثر کے تابع نہیں ۔ تاہم ملیحہ لودھی اس سوچ اور خیالات کو مفروضے قرار دیتی ہیں۔پاکستان کوئی ایسی چیز نہیں کرے گا جس سے یہ تاثر ملے کہ وہ کسی قسم کے اینٹی چائنا یوایس سپانسر کولیشن کا حصہ بن رہا ہے۔ تو پاکستان کے چوائیسز کلئیر ہیں۔

مزیدخبریں