2023 میں دنیا کی بہترین موجد کا ایوارڈ سعودی طالبہ کے نام

Dec 20, 2023 | 21:18

سعودی عرب کے طالب علم ہر میدان میں اپنے فن اور ہنر کے جھنڈے گاڑ رہے ہیں طالبہ ریناد نے عالمی سطح پر 2023 کی بہترین خاتون موجد کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ سعودی عرب کو دنیا کی تیز رفتار ترقی سے ہم آہنگ کرنے والے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایک بار کہا تھا کہ ’’نا ممکن سعودیوں کے لیے نہیں ہے۔‘‘ ان کے اس قول کو سعودی طلبہ گاہے بگاہے ثابت کرتے آ رہے ہیں اور تعلیم اور ہنر کے میدان میں اپنی فتوحات کے جھنڈے گاڑ کر مملکت کا نام بلند کر رہے ہیں، ان میں ہی ایک نیا اضافہ طالبہ ریناد کا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق شاہ سعود یونیورسٹی کے شعبہ طب کی ہونہار طالبہ ریناد بنت مساعد الحسین نے 2023 میں دنیا کی بہترین خاتون موجد ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی طالبہ نے کینیڈا میں منعقدہ انٹرنیشنل مقابلہ برائے ایجاد آئی کین 2023 میں شرکت کی اور پہلی پوزیشن حاصل کر کے دنیا میں سعودی پرچم سر بلند کر دیا۔ انہوں نے ایک ایسا آلہ ایجاد کیا ہے جو قوت سماعت سے محروم افراد کو گاڑی چلانے میں سہولت فراہم کرتا ہے اور قوت سماعت سے محروم افراد گاڑی کے باہر کی آواز کو گاڑی میں نصب سکرین پر تصویری شکل میں دیکھ سکتے ہیں۔ ریناد الحسین کی اس ایجاد کو مقابلے میں شامل کیا گیا اور اسے دنیا کے لیے انتہائی مفید ایجاد قرار دیتےہوئے پہلی پوزیشن دی گئی۔ واضح رہے بعض ممالک میں قوت سماعت سے محروم افراد کو گاڑی چلانے کی اجازت نہیں ہوتی کیونکہ وہ گاڑی کے باہر آواز کو نہیں سن سکتے۔ اس ایجاد کے بعد ان کی یہ مشکل آسان ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں