آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8مرحلہ:بنگلہ دیش کوآسٹریلیا کے ہاتھوں شکست،پیٹ کمنز کی ہیٹ ٹرک

Jun 21, 2024 | 10:42

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 28 رنز سے شکست دے دی۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ میچ کئی بار روکا گیا، میچ میں پیٹ کمنز نے میگا ایونٹ کی پہلی ہیٹ ٹرک کی۔ باربا ڈوس ویسٹ انڈیز میں کھیلے جانے والے گروپ ون کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے بنگلادیش کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140رنز بنائے۔ بنگلادیش کے کپتان نجم الحسین نے 36 گیندوں پر 41 رنز بنائے جبکہ توحید حیدر 28 گیندوں پر 40 اور لٹل داس 16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔علاوہ ازیں بنگلادیش کا کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہو سکا۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر پیٹ کمنز نے رواں ٹی 20 ورکپ کی پہلی ہیٹرک کرنے کا اعزاز حاصل کیا، انہوں نے 29 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس کے علاوہ ایڈم زمپا نے 2، مچل اسٹارک، اسٹونیش اور میکسویل نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔بعدازاں آسٹریلیا نے تیزی کے ساتھ ہدف حاصل کرنے کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے تیز بیٹنگ کی۔141 رنز کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی اننگز کے دوران بارش سے میچ بار بار روکا گیا۔آسٹریلیا نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنائے تھے کہ میچ بارش کی وجہ سے ختم کر کے کینگروز کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت 28 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ٹریوس ہیڈ نے 31 رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا کی دونوں وکٹیں بنگلہ دیش کے راشد حسین نے حاصل کیں۔سپر 8 مرحلے میں آج پاکستانی وقت کے مطابق ساڑھے 7 بجے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور جنوبی افریقا آمنے سامنے ہوں گے جبکہ ہفتے کی صبح میزبان ویسٹ انڈیز اور امریکا مدمقابل آئیں گے۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے گروپ اے میں بھارت، افغانستان، آسٹریلیا اور بنگلادیش جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقا، امریکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں شامل ہیں۔اس سے قبل ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے کے ہونے والے میچز میں بھارت، انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔

مزیدخبریں