پاکستان کی کرکٹ کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے کرکٹ کے بڑے کل لاہور میں جمع ہوںگے۔

Mar 21, 2017 | 12:15

Hafiz Muhammad Imran

لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) گول میز کانفرنس کے متبادل کے طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی سابق کرکٹرز اور منتظمین سے مشاورت کے سلسلہ میں کرکٹ کے بڑے کل لاہور میں جمع ہو رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے ملکی کرکٹ کے نظام میں بہتری کے لیے سابق کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم انتخاب عالم،سابق چیف سلیکٹر ہارون رشید، سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم وسیم اکرم اور رمیض راجہ، سابق کوچ پاکستان کرکٹ ٹیم عاقب جاوید، اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر، گورننگ بورڈ کے رکن شکیل شیخ اور لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم احمد سمیت دیگر سابق کرکٹرز کو 22 مارچ کو مشاورت کی دعوت دے دی۔ بورڈ چئیرمین شہریارخان نے قومی و بین الاقوامی سطح پر پاکستان کرکٹ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پہلے گول میز کانفرنس کرنیکا منصوبہ بنایا تھا تاہم وہ اس منصوبے پر عمل نہ کر سکے اسکے متبادل کے طور پر انہوں نے مختلف شہروں میں ماہرین کرکٹ سے مشاورت کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلہ میں ایک میٹنگ کراچی میں ہو چکی ہے۔ سابق کرکٹرز اور کرکٹ ایڈ منسٹریٹرز سے مشاورت کا یہ دوسرا مرحلہ ہے۔ کل ہونیوالی میٹنگ کے لیے سابق ٹیسٹ کرکٹر رانا نوید الحسن، انڈر نائنٹین ٹیم کے کوچ منصور رانا، میچ ریفری انیس شیخ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں قائداعظم ٹرافی، گریڈ ٹو کرکٹ، ریجنل کرکٹ، انڈر نائنٹین کرکٹ اور کلب کرکٹ کو در پیش مسائل اور انکے ممکنہ حل کے لیے ماہرین سے تجاویز کی جائیں گی۔ کراچی میں ہونیوالی میٹنگ کرکٹ بورڈ کی طرف سے دعوت کے باوجود چند نمایاں کرکٹرز نے مشاورتی عمل کا بائیکاٹ کیا تھا دیکھنا یہ ہے کہ لاہور کی میٹنگ میں جن ٹاپ کرکٹرز کو مدعو کیا گیا ہے وہ اس میٹنگ میں شرکت کے لیے آتے ہیں یا نہیں۔

مزیدخبریں