بھارت الزام تراشی چھوڑ کر عالمی قوانین کی پاسداری کرے۔پاکستان

Jul 23, 2025 | 18:01

 اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا ہے کہ بھارت الزام تراشی چھوڑ کر عالمی قوانین کی پاسداری کرے،بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، اقلیتوں کے ساتھ سلوک پر عالمی اداروں کی رپورٹس اس کا ثبوت ہیں ۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مباحثے میں بھارتی الزامات پر پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور دہشت گردی کی سرپرستی کا مرتکب ہے۔ بھارتی مندوب کی گمراہ کن باتوں کو بے نقاب کرتے ہوئے پاکستان نے بھارت کو حقیقت کا سامنا کرنے کا مشورہ دیا۔پاکستان کے مستقل مندوب عثمان جدون نے مباحثے میں کہا کہ بھارتی نمائندے نے عالمی فورم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ حقائق واضح اور ناقابل تردید ہیں، بھارت جموں و کشمیر پر غیرقانونی قبضہ جمائے بیٹھا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بھارت کشمیریوں کو ان کا جائز حق، حق خود ارادیت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے اور نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ دیگر ممالک میں بھی دہشت گردی کو منظم طریقے سے فروغ دے رہا ہے۔سفیر عثمان جدون نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ اقلیتوں کے ساتھ سلوک پر عالمی اداروں کی رپورٹس اس کا ثبوت ہیں۔ پاکستانی مندوب نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بھی بھارت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کی ناپاک کوشش کی تاکہ پاکستان کے عوام کو دریائے سندھ کے پانی سے محروم کیا جا سکے۔عثمان جدون نے بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ الزام تراشی چھوڑ کر خود احتسابی اپنائے اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کرے۔

مزیدخبریں