ڈاکٹر فردوس کیخلاف ایف آئی آر درج،تحقیقات شروع

Jul 24, 2018 | 15:38

پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار برائے قومی اسمبلی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کے مد مقابل امیدوار اور ان کے کارکنوںکو ہراساں کرنے کے الزام میںپولیس سٹیشن ہیڈ مرالہ میں ایف آئی آر درج کر لی گئی،تحقیقات شروع کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے72سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوارسید اشتیاق الحسن گیلانی پاکستان تحریک انصاف کی امیدواربرائے قومی اسمبلی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے مد مقابل سیالکوٹ سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار اشتیاق گیلانی موضع گوندل تحصیل و ضلع سیالکوٹ کے رہائشی ہیں اور گوندل میں ان کی رہائش گاہ کے بالکل سامنے بلاول ہائوس میںان کا مرکزی الیکشن ہال واقع ہے۔مورخہ21جولائی2018ء بروز ہفتہ صبح تین بجے کے قریب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان تقریباً 300افراد کے ہمراہ اشتیاق گیلانی کی گلی سے گزر رہی تھیں توان کے گھر کے سامنے کھڑے ہو کر پی ٹی آئی کی امیدوارنے اپنے ساتھیوں کے ساتھ شدید نعرے بازی کی اور اس کے ساتھ ساتھ گندی گالیاں اور نامناسب ذاتی جملے بھی کسنے شروع کر دئیے ۔پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے قومی اسمبلی بسلسلہ انتخابی مہم گھر سے باہر تھے اور گھر میں ان کی بڑی ہمشیرہ ،چھوٹی ہمشیرہ اور کچھ گھریلو ملازمین تھے جو کہ اس وقت سو رہے تھے وہ شور سن کر باہر آئے تو ڈاکٹر فردوس اور ان کے ساتھیوں نے زور و شور سے نعرے اور غلیظ گالیاں بکنا شروع کر دیں۔ڈاکٹر فردوس کی ہدایت پر چند شرپسند عناصر مد مقابل امیدوارکے گھر پر حملہ آور ہوئے اور کچھ افراد گھر کے سامنے واقع بلاول ہائوس نامی مرکزی الیکشن ہال میں داخل ہوئے جن میں ڈاکٹر فردوس بھی شامل تھیں۔انہوں نے وہاں پر نصب سامان کی توڑ پھوڑ کی پیپلز پارٹی کے بینرز پھاڑ ڈالے اور کرسیاں، میز،ڈیک بجلی کا سامان جس میں اے سی و دیگر چیزیں بھی شامل ہیں کو توڑ ڈالا ، ساتھ ساتھ ڈنڈوں اور پتھروںکا آزادانہ استعمال کیاگیا جس سے مد مقابل امیدوارکے کچھ افراد زخمی بھی ہو گئے۔

مزیدخبریں