جازان (صباح نیوز)سعودی عرب کی فضائیہ نے پڑوسی ملک یمن کی حدود کے اندر سے داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا ہی میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی محکمہ دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز یمن میں حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا گیا تاہم فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے میزائل کو ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی ناکارہ بنا دیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فورسز کی جانب سے یمن میں باغیوں کی طرف سے داغا گیا ایک میزائل غیرآباد علاقے میں تباہ کردیا۔سعودی فضائیہ نے یمن میں بیلسٹک میزائل لانچنگ اڈے کی نشاندہی کے بعد اس اڈے کو بھی بمباری کرکے تباہ کردیا ہے۔یمن سے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب کی سرزمین پرمیزائل حملوں کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ سعودی عرب اس سے قبل بھی یمنی باغیوں کی اس طرح کی سرحدی خلاف ورزیوں کا نشانہ بن چکا ہے۔
سعودی فضائیہ نےیمن سےداغا بیلسٹک میزائل ہدف تک پہنچنےسےقبل ہی تباہ کردیا
Jun 25, 2016 | 10:59