اسلام آباد (صباح نیوز) افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کے اجازت نامے کی مدت ختم ہونے میں صرف 4 دن باقی رہ گئے ۔ افغان حکومت کی درخواست کے باوجود پاکستان تاحال اجازت نامے میں توسیع نہیںکی ۔ افغان حکومت نے مہاجرین کے قیام میں 2020 ء تک توسیع کی درخواست کی ہے ۔ مہاجرین کو ان کے وطن واپس بھیجنے کا یہ بہترین وقت ہے ۔ پاکستان میں 35 سالوں سے مقیم 30 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام کی مدت ختم ہونے میں صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں ۔ 30 جون کو یہ مدت ختم ہو جائے گا جس کے بعد مہاجرین کا پاکستان میں قیام غیر قانونی قرار پائے گا ۔ سفارتی ذرائع کے مطابق افغان حکومت کی طرف سے ان مہاجرین کے قیام کی مدت میں توسیع کے لیے حکومت پاکستان کو درخواست بھجوا دی گئی ہے جس پر غور جاری ہے لیکن افغان حکومت نے 2020 ء تک مہاجرین کے قیام کی مدت میں توسیع مانگی ہے ۔ ادھر حکومت پاکستان کا واضح موقف ہے کہ یہ افغان مہاجرین کی افغانستان واپسی کا بہترین وقت ہے ۔ عالمی برادری اور افغان حکومت اس حوالے سے فوری اقدامات کرے اور مہاجرین کو باعزت اور باوقار انداز میں واپس بھیجنے کے انتظامات کرے ۔ ترجمان دفتر خارجہ محمد نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کے کیمپ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہوتے ہیں اور مہاجرین کے روپ میں دہشت گرد ان کیمپوں میں پناہ لیتے ہیں اس لیے پاکستان مہاجرین کی جلد از جلد واپسی کا خواہاں ہے ان کا کہنا ہے کہ مہاجرین کی وجہ سے پاکستان کی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے اعلی عہدیداران نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت اعلیٰ حکومتی حکام سے ملاقاتیں کیں ۔ ان ملاقاتوں میں بھی پاکستان نے واضح موقف اختیار کیا ہے کہ افغان مہاجرین کو اب با وقار اور با عزت طور پر ان کے ملک واپس بھیجا جانا چاہیے ۔
افغان مہاجرین کے پاکستان میں قیام کی مدت ختم ہونے میں صرف 4 دن باقی رہ گئے
Jun 25, 2016 | 16:24