برطانوی حکام مانچسٹر حملے بارے خفیہ معلومات ذرائع ابلاغ کو جاری کرنے پر امریکی خفیہ اداروں پربرہم

May 25, 2017 | 14:19

برطانوی حکام نے مانچسٹر حملے بارے خفیہ معلومات بار بار ذرائع ابلاغ کو جاری کرنے پر امریکی خفیہ اداروں پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔برطانوی وزیر داخلہ ایمبر رڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی اور دیگر امریکی اداروں نے وہ خفیہ معلومات اور مواد بار بار امریکی ذرائع ابلاغ کو جاری کیا جو انہیں برطانوی خفیہ اداروں کی طرف سے فراہم کیا گیا تھا حالانکہ برطانوی ادارے خود ابھی ان معلومات کو جاری کرنے کو تیار نہیں تھے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ کے اس بیان کے تھوڑی ہی دیر بعد امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے مزید ایسا مواد شائع کر دیا۔اس مواد میں وہ تصاویر بھی شامل ہیں جو برطانوی پولیس نے دھماکے کے فوری بعد متاثرہ جگہ پہنچ کر لی تھیں اور امریکی حکومت کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے کے معاہدے کے تحت امریکی خفیہ اداروں کو فراہم کی تھیں۔برطانوی حکام کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ امریکیوں کی اس حرکت پر سخت غصے میں ہیں اور ان کی یہ حرکت ناقابل قبول ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ میں زخمیوں کی تصاویر کی اشاعت زخمیوں کے اہل خانہ اور عام شہریوں کے لیے صدمے کا باعث ہیں۔برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو امریکی حکام کے ساتھ ہر سطح پر اٹھائیں گے۔برطانوی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ امریکی ذرائع ابلاغ میں خفیہ معلومات کی اشاعت مانچسٹر حملے کی تحقیقات پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔برطانوی حکام کا مزید کہنا تھا کہ اتحادی ممالک کے ساتھ خفیہ معلومات کا تبادلہ باہمی اعتماد کے تحت کیا جاتا ہے اور امریک اقدام سے اس اعتماد کو ٹھیس پہنچی ہے جو دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔مانچسٹر حملے کے مرکزی کردار کے نام کا افشاءبھی امریکی خفیہ اداروں کی طرف سے ہی کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ نے امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کے سربراہ کو فون کر کے یہ معاملہ اٹھایا ہے۔

مزیدخبریں