سوڈان کے شورش زدہ علاقے دارفر میں اقوام متحدہ اور افریقی یونین کے مشترکہ مشن (یواین اے ایم آئی ڈی) کی نائب خصوصی نمائندہ انیتا گبیو نے حال ہی میںدارفر میں امن مشن میں شامل پاکستانی امن دستے کی جانب سے مرمت کی جانے والی سٹریٹجک روڈ کا افتتاح کیا۔یہ روڈ وسطی دارفر کے گولو اور نیرتیتی گاﺅں کو آپس میں ملاتی ہے، اس روڈ کی تعمیر مشن کی ان کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد مقامی برادریوں کو معاونت فراہم کرنا اورخطے میں انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے ۔بدھ کو نیویارک میں موصول ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق یواین اے ایم آئی ڈی میں فرائض سر انجام دینے والی پاکستان انجینئر کمپنی نے 84کلومیٹر روڈ کی مرمت اور بحالی عدم تحفظ، دشوارگزار پہاڑی علاقے ،شدید موسمی حالات اور میٹریل کو مطلوبہ جگہ تک پہنچانے میں دشواریوں جیسے چیلنجز کے باوجود ریکارڈ 71 دنوں میں مکمل کی جو کہ شیڈول کے مطابق 110 دنوں میں مکمل کرنے تھی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انیتا گبیو نے کہا کہ اگر آپ امن چاہتے ہیں تو اس کے لئے آپ کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا،اگر علاقے میں امن نہیں تو روڈ کی مرمت ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر عملدرآمد سے ثابت ہوتا ہے کہ دارفر اور دنیا میں امن ممکن ہے۔ پاکستان انجینئر کمپنی کے کیپٹن غفورنے اس موقع پر کہا کہ اس سٹریٹجک روڈ سے گولو میں تجارت کے ذریعے خوشحالی آئی گی۔اس موقع پر سوڈان کی حکومت نے روڈ کی مرمت پر پاکستانی امن دستے اور یواین اے ایم آئی ڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اردگرد کے علاقوں میں زرعی اجناس کی منتقلی اور مقامی معیشت کے فروغ میں مدد ملے گی ۔سوڈان کے شہری منصوبہ بندی کے وزیر نے کہا ہے کہ اس روڈ سے علاقے میں لوگوں کے درمیان رابطہ بحال ہو جائے گا۔
سوڈان کے شورش زدہ علاقے میں پاکستانی امن دستے کی مرمت کردہ سٹریٹجک روڈ کا افتتاح
Oct 25, 2018 | 16:01