پنڈی ٹیسٹ کا دوسرا دن: پاکستان کے 200 رنز مکمل، 7 کھلاڑی آؤٹ

Oct 25, 2024 | 14:43

 راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف بیٹنگ جاری ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، دونوں ٹیموں نے ملتان میں ایک ایک میچ جیت رکھا ہے، یہ فیصلہ کن ٹیسٹ میچ جیتنے والی ٹیم ٹرافی اٹھائے گی۔قومی سپنرز کی بتاہ کن باؤلنگ کے سامنے انگلش بیٹرز ایک بار پھر بے بس نظر آئے اور پنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 267 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

دوسرا روز

قومی ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز 3 وکٹوں کے نقصان پر 73 سے بیٹنگ کا آغاز کیا تو کپتان شان مسعود اور سعود شکیل 16، 16 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے، تاہم یہ سکور میں زیادہ اضافہ نہ کرسکے اور قومی کپتان 26 رنز بنا کر سپنر شعیب بشیر کی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔ان کے بعد سعود شکیل کا ساتھ دینے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کریز پر پہنچے، دونوں نے مل کر ٹیم کا مجموعی سکور 151 رنز تک پہنچایا تاہم ریحان احمد نے اس اہم پارٹنر شپ کا خاتمہ کر دیا۔اس موقع پر محمد رضوان 25 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے اور 151 رنز پر قومی ٹیم کے آدھے کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، دوسرے اینڈ پر بائیں ہاتھ کے بلے باز سعود شکیل نے اچھی بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔پاکستان کو چھٹا نقصان سلمان علی آغا کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ ایک رن بنا کر ریحان احمد کا شکار بنے، قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عامر جمال بھی ناکام رہے اور ریحان احمد کی گیند پر 14 رنز بنا کر بولڈ ہو گئے۔

دوسرے اینڈ پر سعود شکیل اپنی اننگز کو آگے بڑھاتے رہے اور کھانے کے وقفے پر 72 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح پاکستان نے دوسرے روز کھانے کے وقفے تک 7 وکٹیں کھو کر 187 رنز بنائے، اب بھی قومی ٹیم کو خسارہ پورا کرنے کے لیے 80 رنز درکار ہیں۔انگلینڈ کی جانب سے شعیب بشیر اور ریحان احمد نے 2، 2 جبکہ جیک لیچ اور گّس ایٹکنسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو زیادہ درست ثابت نہ ہو تھا، اور پوری انگلش ٹیم 267 رنز پر آؤٹ ہوگی جبکہ ایک بار پھر پاکستانی سپنرز 10 وکٹیں لے اڑے۔

مزیدخبریں