ایک نظر آج ریٹائر ہونے والے چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسی کی زندگی پر

Oct 25, 2024 | 15:22

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ آج ریٹائرڈ ہو رہے ہیں۔ آئیں ان کی زندگی پر ایک نظر ڈالتے ہیں،  چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 15 سال تک جج اور 13 ماہ تک بطور چیف جسٹس آف پاکستان ذمے داریاں ادا کرنے کے بعد آج اپنے عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ قاضی فائز عیسیٰ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ساتھی قاضی محمد عیسیٰ کے بیٹے ہیں، قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے والد کی طرح برطانیہ کے قدیم ترین تعلیمی ادارے مڈل ٹیمپل سے بار ایٹ لا کی سند حاصل کی۔ قاضی فائز عیسیٰ کوعدلیہ بحالی وکلا تحریک کے بعد چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے دور میں 2009 میں براہ راست بلوچستان ہائی کورٹ کا چیف جسٹس تعینات کیا گیا۔ قاضی فائز عیسیٰ 5 ستمبر 2014 کو سپریم کورٹ کے جج بنے، وہ فوجی عدالتوں کے قیام کی آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دینے کا اقلیتی فیصلہ دینے والے ججوں میں شامل تھے۔قاضی فائز عیسیٰ میمو کمیشن کے سربراہ بھی رہے اور اس وقت کے صدر آصف زرداری کو قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے الزامات سے بری کیا۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جب فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ دیا تو اس وقت کی پی ٹی آئی حکومت نے ان کے خلاف صدارتی ریفرنس دائرکیا، سپریم کورٹ کے 10 رکنی فل کورٹ نے کثرت رائے سے یہ ریفرنس کالعدم قراردیا۔ بطور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے4 سال سے نہ ہونے والی فل کورٹ میٹنگ بلائی، 9 سال بعد سپریم کورٹ کا فل کورٹ تشکیل دیا جس نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کی توثیق کی، اس قانون کے تحت بینچوں کی تشکیل اور مقدمات مقرر کرنے کا چیف جسٹس کا صوابدیدی اختیار 3 رکنی ججز کمیٹی کو سونپ دیا گیا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ میں شفافیت کیلئے عوامی مفاد کے مقدمات کی براہ راست نشریات جیسا اہم فیصلہ کیا۔ قاضی فائز عیسیٰ نے جنرل پرویز مشرف کی سنگین غداری کیس میں سزائے موت کا فیصلہ برقرار رکھا، سپریم کورٹ پر ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا لگا دھبہ صاف کیا اور اس فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا۔ قاضی فائز عیسیٰ کے دور میں عوامی نمائندوں کی 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہلی کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیا گیا، ارکان پارلیمنٹ سے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے نام پر ووٹ کا حق چھیننے سے متعلق آئین ری رائٹ کرنے کا فیصلہ بھی کالعدم قراردیا۔ قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے دور میں معطل شریعت اپیلٹ بینچ بحال کیا اور 21 سال سے زیر التوا مقدمات کے فیصلے دیے، خواتین کو وراثت میں حق دینے کا اہم ترین فیصلہ دیا، ڈیم فنڈ اور 190 ملین ڈالر کیس میں سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع تقریبا 90 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرانے کے فیصلے دیے۔ عدلیہ میں احتساب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے جج مظاہر نقوی کے خلاف کرپشن الزامات پر جوڈیشل کونسل کے ذریعے تادیبی کارروائی کی، شوکت عزیزصدیقی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کا فیصلہ کالعدم کیا اور عدلیہ میں مداخلت کا ازخود نوٹس لیا۔ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف فیصلے کے بعد انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا، ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی اور ان کے خلاف ایکسٹینشن کا پروپیگنڈہ کیا گیا۔ قاضی فائز عیسیٰ وہ پہلے جج تھے جنہوں نے اپنے اور اپنی اہلیہ کے اثاثے رضاکارانہ طور پر سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر ڈالے، حکومت سے نہ تو کوئی پلاٹ لیا، نہ گاڑی اور نہ کوئی پروٹوکول ہی لیا۔ بطور چیف جسٹس پیدل بھی سپریم کورٹ آتے رہے، انہوں نے زیارت میں اپنی آبائی زمین قائد ریزیڈینسی اور بلوچستان حکومت کو عطیہ کر دی۔ واضع رہے چیف جسٹس قاضی فائز عیسی  گزشتہ ان کے مقدمات کی سماعت کا آخری روز تھا۔ جس میں  چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کل 10 مقدمات کی سماعت کی، 10 میں سے 4 مقدمات کے فیصلے سنائے اور 6 کو ملتوی کیا۔

مزیدخبریں