ایم کیوایم کو بھارت کی جانب سے امداد ملنے سے متعلق رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد وزیرداخلہ چوہدری نثار نے برطانوی حکومت کو خط لکھنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیرداخلہ کی منظوری کے بعد برطانوی حکومت کوخط لکھ دیا گیا ہے۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ برطانوی حکومت بی بی سی کی ڈاکومینٹری میں ایم کیو ایم سے متعلق کئے گئے انکشافات کی تہہ تک پہنچنے کے لئے پاکستان کی مدد کرے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ ایک معتبر نشریاتی ادارے کی جانب سے کئے گئے حساس نوعیت کے انکشافات ہرپاکستانی شہری کے لئے باعث تشویش ہیں۔ ان الزامات کا تعلق پاکستان کی سلامتی سے ہے لہذا ان اہم نوعیت کے الزامات کی تحقیقات میں پاکستانی حکام کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے۔ بی بی سی کی جانب سے نشر کی جانے والی رپورٹ میں انتہائی اہم نوعیت کے انکشافات کیے گئے تھے۔ رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا کہ ایم کیو ایم کراچی میں بدامنی پھیلانے کیلئے بھارت سے فنڈز وصول کر تی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ایم کیو ایم کے سیکڑوں کارکنوں کو بھارت میں مسلح تربیت دی گئی۔ اس رپورٹ کے بعد پاکستانی سیاست میں طوفان کا سماں ہے۔ رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد وزیرداخلہ چوہدری نثار نے جمعرات کو برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے ملاقات کی اور پاکستان کے تحفظات سے متعلق آگاہ گیا۔
بی بی سی رپورٹ پر وزارت داخلہ نے برطانوی حکومت کو خط لکھ دیا ، تحقیقات میں مدد کی اپیل
Jun 26, 2015 | 18:33