پاکستان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا دوسرا میچ آج نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا ، شائقین کرکٹ آج بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم سے ایسے ہی کھیل کی توقع کر رہے ہیں جیسا انہوں نے اتوار کو بھارت کے خلاف پیش کیا تھا، ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے تاحال ٹیم کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ٹیم کا اعلان آج میچ سے قبل کیا جائے گا۔ بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم کا مورال بہت بلند ہے جس کا ٹیم کو بہت فائدہ ہوگا۔ دبئی میں موجود قومی اسکواڈ نے 25 اکتوبر بروز پیر کو کسی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے لیا۔ اس میچ میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کی ہمدردیاں پاکستان کے ساتھ ہوں گی کیونکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے اچانک دورہ پاکستان ختم کرنے کا پاکستان سمیت دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو شدید غصہ اور صدمہ ہے اور ان کی خواہش ہے کہ پاکستان اس میچ میں نیوزی لینڈ کو عبرتناک شکست دے ۔سابق کرکٹرز اور علم الاعداد و نجوم کے مطابق بھی پاکستان کو نیوزی لینڈ پر برتری حاصل ہے پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد اور شعیب اختر نے بھی پاکستان کو فیورٹ قراردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو دس وکٹوں کی ریکارڈ ساز شکست دینے کے بعد پاکستان کا مورال بہت بلند ہے ، تماشائیوں کی سپورٹ بھی پاکستان کو حاصل ہوگی ۔ ٹاس بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ علم نجوم اور علم الاعداد کے مطابق بھی پاکستان کی جیت کا امکان ساٹھ جبکہ نیوزی لینڈ کا چالیس فیصد ہے ۔ پاکستان کا زائچہ تو زیادہ مضبوط نہیں ہے لیکن کھلاڑیوں کے سیارے شرف میں ہیں بابر اعظم ،شاھین شاہ آفریدی، عماد وسیم ، حسن علی اور محمد حفیظ کے ستارے شرف میں ہیں اور ان سے اچھے کھیل کی توقع ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو بھارت پر برتری حاصل ہے ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کریں گے جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کین ولیمسن کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔ سپر 12 مرحلے میں ہر ٹیم پانچ گروپ میچ کھیلے گی اور دونوں گروپس سے دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 10 نومبر کو ابوظہبی جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ 11 نومبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ کا فیصلہ کن معرکہ14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کو دس وکٹوں سے عبرتناک اور تاریخی شکست دی تھی۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ : آج پاکستان اپنا دوسرا میچ نیوزی لینڈ کے ساتھ کھیلے گا۔
Oct 26, 2021 | 08:57