چیئرمین شہریار خان نے کیا ایک بڑا اعلان انڈیا کے خلاف

Apr 27, 2017 | 11:07

Hafiz Muhammad Imran

لاہور(حافظ محمد عمران / نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کو بتا دیا ہے کہ آپ نے طے شدہ معاہدے کے تحت پاکستان سے سیریز نہ کھیل کر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اب ہم آپ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔ وہ دبئی سے ٹیلی فون پر انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بعد وقت نیوز کیساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ کے نمائندے کو اپنے موقف اور معاہدے کی خلاف ورزی پر مستقبل کی حکمت عملی آگاہ کر دیا ہے۔ انہیں کہا ہے کہ ہم قانونی چارہ جوئی نہیں کرنا چاہتے تھے لیکن تین سیریز کا وقت گذر گیا لیکن آپکی طرف سے کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی ان حالات میں ہمارے پاس قانونی چارہ جوئی کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔ شہریارخان کا کہنا تھا کہ ہم بہت جلد بی سی سی آئی کو قانونی نوٹس بھیجیں گے۔ جون میں آئی سی سی کی سالانہ جنرل میٹنگ میں بگ تھری کا آئینی و عملی طور پر مکمل خاتمہ ہو جائیگا اس فیصلے پر مہر لگ جائیگی۔ آئی سی سی کے چئیرمین ششانک منوہر نے بورڈ ممبران سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر تحریری طور پر اپنی رائے دے دیں۔ بگ تھری کے خاتمے سے کرکٹ کا بہت فائدہ ہے۔ نئے فارمولے سے آئی سی سی کے شئیر شہر میں پاکستان کا حصہ بڑھ جائیگا۔ آئی سی سی کے چئیرمین ششانک منوہر نے اپنا استعفی واپس لینے کا فیصلہ بھی بگ تھری کے فارمولے کو ختم کرنے کے لیے کیا تھا انکو واپسی کے لیے قائل کرنے میں ہمارا بھی کردار رہا ہے۔ بگ تھری کی حمایت صرف بھارت اور سری لنکا نے کی ہے۔ اس میٹنگ میں بگ تھری کی مخالفت میں اضافہ ہوا ہے۔ شہریارخان کا کہنا تھا کہ بھارت کی زیادہ کوشش مالی معاملات کی طرف تھی گورننس کے معاملہ پر انہوں نے مخالفت نہیں کی تاہم آمدنی والے معاملے میں انہوں نے واضح موقف اپنایا ہے۔

مزیدخبریں