شہباز شریف مسلم لیگ ن کا قائم مقام صدر منتخب

Feb 27, 2018 | 13:49

سابق وزیراعظم نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی کے بعد مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس چئیرمین راجا ظفر الحق کی زیر صدارت ماڈل ٹاؤن میں ہوا، اجلاس میں بڑے فیصلے کئے گئے، نواز شریف کی نااہلی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، سینیٹ الیکشن اور آئندہ انتخابات پر بھی غور فکر ہوا، مجلس عاملہ نے شہباز شریف کو مسلم لیگ ن کا قائم مقام صدر منتخب کرلیا، جبکہ نواز شریف تاحیات قائد پاکستان مسلم لیگ ن منتخب ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت مسلم لیگ ن کے تمام رہنماؤں نے شرکت کی، تاہم چودھری نثار علی خان اجلاس شریک نہ ہوئے، مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو قائم مقام صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی، انہوں نے لکھا کہ ہم ایک اور متحد ہیں، مسلم لیگ ن متحد رہے گی، نواز شریف نے بھی شہباز شریف کو پارٹی کا قائم مقام صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
پاناما کیس میں وزارت عظمی سے نااہلی کے بعد الیکشن اصلاحات ایکٹ کیس میں نواز شریف کو پارٹی صدر کے عہدے سے بھی نااہل کردیا گیا تھا، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے نواز شریف کا نام پارٹی صدارت سے خارج کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کو نیا قائم مقام پارٹی صدر منتخب کرنے کی ہدایت کی تھی۔

مزیدخبریں