مدینہ منورہ (نمایندہ نوائے وقت) نائب وزیر اعظم محمد اسحاق ڈار نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستان کی بیٹی ہیں اور ان کی رہائی حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر تحریک انصاف کو انگریزی سمجھ نہیں آتی تو اس میں ان کا کیا قصور ہے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن سعودی عرب کے مرکزی جنرل سیکریٹری و وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن ملک منظور حسین اعوان، مہر عبدالخالق لک (جنرل سیکریٹری مسلم لیگ ن جدہ ریجن)، جاوید اقبال بٹ (صدر مسلم لیگ ن مدینہ منورہ)، راجہ ظفر اقبال (صدر مسلم لیگ ن طائف)، سردار محمد صدیق (صدر مسلم لیگ ن مکہ مکرمہ)، محمد سفیر چوہان (صدر مسلم لیگ ن تبوک)، سرپرستِ اعلیٰ رانا محمد اشرف، صدر خواتین ونگ ڈاکٹر کنول انیس، اور ڈپٹی ویمن ہیڈ ماریہ صدیقی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اسحاق ڈار کا دورہ امریکہ کامیاب رہا، جو تحریک انصاف کو ہضم نہیں ہو رہا، اسی لیے وہ افواہوں، غلط بیانی اور گمراہ کن پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ نیازی کی تباہ کی گئی معیشت تو بحال ہو سکتی ہے، مگر معاشرے میں پیدا کردہ اخلاقی زوال کو سنبھالنے میں دہائیاں لگیں گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ غلط بیانی، منافقت اور یو ٹرن تحریک انصاف کی سیاسی تربیت اور سوچ کا حصہ ہیں، جو مذہب کو سیاست میں "اسلامی ٹچ" دے کر مذہبی کارڈ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔
عافیہ صدیقی کی رہائی حکومتِ پاکستان کی ترجیح ہے، اسحاق ڈار کا بیان — مسلم لیگ ن سعودی عرب کا تحریک انصاف پر تنقید
Jul 27, 2025 | 19:32