سارک کا اجلاس پاکستان میں ہوا تو بھار ت اس میں شرکت نہیں کرے گا:سشما سوراج

Nov 28, 2018 | 23:30

  پاکستان میں کرتار پور راہداری کے افتتاح کی تقریب میں شرکت سے انکا رکرنے والی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ہرزہ سرائی کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا اور اعلان کیا کہ اگر ساتھ ایشیئن ایسوسی ایشن فار ریجنل کو آپریشن(سارک ) کا  اجلاس  پاکستان  میں  ہوا تو بھارت  اس  میں  شرکت  نہیں کرے گا ۔ این ڈی ٹی وی کیمطابق بھارتی وزیر نے کرتار پور راہداری کھولنے سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آنے کے تمام تر امکانات کو رد کرتے ہوئے کہا کہ ایسا اس وقت تک  نہیں ہوسکتا جب تک پاکستان بھارتمیں دہشت گردی کی کارروائیاں نہ روک دے۔ سشما سوراج نے بھارتی عزائم ظاہر کرتے ہوئے مزید کہا کہاس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ اس اقدام سے دونوں ممالک میں مذاکرات کا آغاز ہوجائے گا ۔اپنے تلخ بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کافی سالوں سے کرتارپور راہداری کھولنے کا مطالبہ کررہی ہے جبکہ پاکستان نے پہلی مرتبہ اس کا مثبت جواب دیا ہے۔ سشما سوراج کا حالیہ بیان پاکستان میں کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب کے انعقاد کے تناظر میں سامنے آیا جس میں شرکت کے لیے بھارتی وزرا کا وفد بھی پاکستان آیا ہے۔واضح رہے کہ کرتار پور راہداری کا معاملہ طویل عرصے سے بھارتی عدم دلچسپی کے باعث التوا کا شکار تھا جبکہ پاکستان کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کے دورِ حکومت سے اب تک اسسلسلے میں متعدد مرتبہ تجاویز اور اعلانات کیے جاچکے ہیں۔قبلِ ازیں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ کرتار پور منصوبہ پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے تعلقات کو معمول پر لانے کی انتھک کوششوں کا ثمر ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کی نئی راہیں کھولنے کا سبب بنے گا ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اپنی پالیسی میں بہت واضح ہے جبکہ بھارت اس حوالے سے کشمکش کا شکار ہے جس کی وجہ سے ستمبرمیں ہونے والے اقوامِ متحدہ کے اجلاس کے دوران وزرائے خارجہ کی ملاقات کو بھی منسوخ کردیا گیا تھا۔

مزیدخبریں