پنجاب سے28 صوبائی اراکین میں سے25 جبکہ قومی اسمبلی سے 13 آزاد اراکین میں سے9 نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔جہانگیر ترین
وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کےلیے تحریک انصاف کی کوششیں جاری ہیں۔ مزید دو آزاد اراکین قومی اسمبلی نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی، تحریک انصاف کے غلام مصطفیٰ کھر کو ہرانے والے شبیر قریشی اور علی محمد مہر نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات میں کپتان کی ٹیم کا حصہ بننے کا اعلان کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں جہانگرین ترین کا کہنا تھا کہ پنجاب سے آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے 28 اراکین اسمبلی میں سے 25 نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ جبکہ قومی اسمبلی کی نشستوں سے کامیاب ہونے والے 13 آزاد اراکین میں سے 9 نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ علی محمد مہرکی شمولیت سے اب حکومت سازی مزید مضبوط ہوگی۔ سندھ سے علی نواز شاہ اور بلوچستان سے شاہ زین بگٹی سے رابطے میں ہیں۔ جبکہ اختر مینگل سے بھی مذاکرات چل رہے ہیں۔اس موقع پر علی محمد مہر کا کہنا تھا کہ عوام کے میندیٹ کا سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا۔ عمران خان کے ساتھ مل کر ملک کی ترقی کیلئے کام کرینگے۔ فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ مزید دو آزاد ارکان قومی اسمبلی سے بات چیت جاری ہے۔ نوٹفیکیشن ہو جائے تو سب نمبرز واضح ہو جائیں گے۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک وزیراعلیٰ خیرپختونخواہ کی دوڑ سے باہر ہو گے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان متحرک اور نوجوان وزیراعلیٰ لانے کے خواہشمند ہیں۔ پرویز خٹک نے کپتان کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے پارٹی کے ایم پی ایز سے رابطے تیز کر دیئے ہیں۔