پشاور: امن دشمنوں نےسرکاری ملازمین کی بس کو نشانہ بنایا،15افراد شہید،30 سےزائد زخمی۔
پشاور پھر دھماکے سے گونج اٹھا، بزدل دہشت گردوں نے نوتھیہ کے قریب سیکریٹریٹ کے نہتے سرکاری ملازمین کی بس کو نشانہ بنایا، ملازمین کی بس صوابی اور مردان سے ملازمین کو لے کر آرہی تھی کہ راستے میں دھماکا ہو گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ، 30 سے زائد زخمی ہو گئے، ترجمان ریسکیو۔ دھماکے سے علاقہ لرز اٹھا، ملازمین کی بس مکمل تباہ ہو گئی، قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جبکہ بس کے قریب کھڑی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد جائے وقوع پر بھگدڑ مچ گئی۔ لوگ بدحواسی کے عالم میں ادھر ادھر بھاگتے رہے۔ دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، ایس ایس پی کینٹ پشاور کے مطابق واقعہ تھانہ غربی کے بالکل سامنے پیش آیا، دھماکا خیز مواد بس کی سیٹ کے نیچے رکھا گیا تھا جسےاڑانے کیلئے ٹائم ڈیوائس استعمال کی گئی، بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں آٹھ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ امدادی ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو اور کنٹونمنٹ ہپستال منتقل کیا، زخمیوں کو بس کاٹ کر نکالا گیا۔ ۔پشاور اور گرد و نواح کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی، دھماکے کے بعد ہسپتالوں میں چیخ و پکار کا عالم تھا