حکومت سندھ کی جانب سے کے پی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر کے پی سیلاب متاثرین کے پی ڈی ایم اے سندھ نے امدادی سامان روانہ کیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں سے ہونے والی تاریخی خوفناک تباہی کے بعد ملک بھر سے کے پی سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکومتِ سندھ کی جانب سے بھی خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ عوام کے لیے ریلیف آپریشن میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے سندھ کے سکھر سے خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ عوام کے لیے امدادی سامان روانہ کیا گیا ہے۔ متاثرین کے لیے 4000 راشن بیگز کے 10 ٹرک اور پانی صاف کرنے لیے 100 فلٹریشن پلانٹس کے چار ٹرکس پشاور کے لیے روانہ کر دیے گئے ہیں۔امدادی سامان میں 4000 خاندانوں کے لیے 15 دن کا راشن موجود ہے۔ اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ سندھ مشکل کی اس گھڑی میں خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور سیلاب سے متاثرہ عوام کی مدد کے لیے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔