پاکستانی سیلاب و طوفان زدگان کے لیے جاوید اقبال بٹ کی دعاؤں اور یکجہتی کی اپیل

مدینہ منورہ۔ نمایندہ نوائے وقت مسلم لیگ ن
مدینہ منورہ سعودی عرب کے صدر جاوید اقبال بٹ نے پاکستان میں طوفان اور شدید بارشوں سے متاثرہ مصیبت زدگان کے لیے دعا اور یکجہتی کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وہ علاقے جہاں سیلاب اور طوفانی بارشوں نے تباہی مچائی ہے اور کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، وہاں کے متاثرین کے لیے اجتماعی دعا اور عملی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد جاں بحق ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی جائے اور جو لاپتہ ہیں ان کی خیریت سے مل جانے کی دعا مانگی جائے۔ اس موقع پر انہوں نے حدیث مبارکہ بھی بیان کی: "اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ الَّذِیْ عَافَانِیْ مِمَّا ابْتَلَاکَ بِہٖ وَفَضَّلَنِیْ عَلٰی کَثِیْرٍ مِّمَّنْ خَلَقَ تَفْضِیْلًا" (جامع الترمذی، الدعوات، حدیث: 3431) جاوید اقبال بٹ نے کہا کہ اجتماعی دعا کرنے سے اللہ تعالیٰ کی مدد اور رحمت شامل ہو گی۔ اس مشکل وقت میں ہمیں ایک قوم ہونے کا عملی ثبوت دینا ہوگا، امدادی سرگرمیوں میں شریک افراد کی مدد اور حوصلہ افزائی کرنی ہوگی اور تنقید برائے تنقید سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے آخر میں عاجزانہ دعا کی: "یا اللہ خیر، یا اللہ کریم، ہمیں معاف فرما، ہمیں ایک قوم بننے کی توفیق عطا فرما اور مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کرنے والا بنا۔"