”فورٹی فائی رائٹس“ کا گرفتار 35 پاکستانی اور صومالی پناہ گزینوں کی فوری رہائی کا مطالبہ
انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے کام کرنے والے بین الاقوامی ادارے فورٹی فائی رائٹس نے بنکاک میں گرفتار 35 پاکستانی اور صومالی پناہ گزینوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ادارے کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اکتوبر کے آخری عشرے کے دوران گرفتار کے گئے ان افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں اور ان کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی طرف سے باقاعدہ دستاویزات بھی جاری کی گئی تھیں۔ رپورٹ کے مطابق ان میں سے اکثر افراد کے ویزہ کی مدت ختم ہونے کے بعد بنکاک میں قیام اور امیگریشن کے دیگر قوانین کی خلاف ورزیوں پر گرفتار کیا گیا ہے۔ بیان میں تھائی لینڈ کی حکومت کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ تھائی حکام غیرقانونی تارکین وطن اور پناہ گزینوں کے درمیان فرق کو مدنظر رکھیں۔ بیان کے مطابق اس وقت تھائی لینڈ میں دنیا کے پچاس ممالک سے تعلق رکھنے والے پناہ گزین موجود ہیں لیکن ان کے ساتھ بہتر سلوک نہیں کیا جاتا۔