قوم اور تاریخ سانحۂ 9 مئی کےکرداروں کو کبھی معاف نہیں کرےگی۔وزیرِ اعظم کاوفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب
سانحہ 9 مئی کے حوالے سے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس شروع ہو گیا۔وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق بھی شریک ہیں۔اجلاس میں وفاقی وزراء کے علاوہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نوید قمر اور شیری رحمٰن بھی شریک ہیں۔وزیرِاعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم اور تاریخ سانحۂ 9 مئی کےکرداروں کو کبھی معاف نہیں کرےگی۔9 مئی محض تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن نہیں،یہ ریاست پر سیاست قربان کرنے، سیاست کے لیے ریاست پر حملے کی دو سوچوں کو الگ کرنے والا دن ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ایک طرف وطن پر لہو نچھاور کرنے والے قوم کے عظیم بیٹے ، ان کے عظیم اہلِ خانہ اور محبِ وطن عوام ہیں تو دوسری طرف نفرت کی آگ میں سلگتے کردار ہیں۔وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ یہ وہ کردار ہیں جن کے دل میں ریاستی مفادات کا کوئی درد نہیں ہے، ایک سال گزر گیا لیکن قوم اور پاکستان اپنے مجرموں کو نہیں بھولے ہیں، نہ بھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ ارضِ پاک، عظیم شہداء، ان کے ورثا اور قوم سے وعدہ ہے کہ 9 مئی پھر کبھی نہیں ہو گا، ہمیں آگے بڑھنا ہے اور ترقی کی منازل طے کرنی ہیں، اپنی آنے والی نسلوں کو ایک روشن مستقبل دینا ہے۔ اجلاس میں وفاقی کابینہ 9 مئی کے واقعات پر حکومتی پالیسی کی منظوری دے گی۔کابینہ کے اجلاس میں شہداء سے اظہارِ یک جہتی کیا جائے گا۔وفاقی کابینہ 9 مئی پر پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوری رویوں کے فروغ پر زور دے گی۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں سانحۂ 9 مئی سے متعلق وائٹ پیپر جاری کیا جائے گااور مذمتی قرارداد بھی منظور کی جائے گی۔