2 ڈاٹ بالز کے عوض 20 لاکھ روپے نے پاکستان کرکٹ کو بڑے بحران میں پھنسا دیا۔

Feb 11, 2017 | 11:44

Hafiz Muhammad Imran

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) دو ڈاٹ بالز کے عوض بیس لاکھ روپے نے پاکستان کرکٹ کو بڑے بحران میں پھنسا دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ لالچ کا شکار جارحانہ انداز میں کھیلنے والے شرجیل خان ہوئے ہیں۔ مصدقہ ذرائع کیمطابق پاکستان سپر لیگ میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کے دو کھلاڑیوں کے صرف "بکیز" سے رابطے ہی نہیں بلکہ ایک مرتبہ پھر مبینہ طور پر پاکستانی کرکٹرز کے سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونیکا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کیمطابق قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز شرجیل خان نے پاکستان سپر لیگ کے پہلے میچ میں دو "ڈاٹ بالز" کھیلنے کے عوض بیس لاکھ روپے کی ڈیل کی تھی۔  شرجیل خان اور "بکی" کے مابین اننگز کے آغاز میں دو ڈاٹ کھیلنے کے بدلے بیس لاکھ ادائیگی کا معاہدہ طے پایا تھا۔ شرجیل خان  پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں پشاور زلمی کیخلاف چار گیندوں پر صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تھے۔ شرجیل نے دو ڈاٹ بالز کھیلیں ایک بال پر انہوں نے سنگل کی جبکہ چوتھی گیند پر وہ تیز گیند باز حسن علی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے پہلے ہی دن مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہونیکی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ کے دوکھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف کو وطن واپس بھیج دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شرجیل خان کیساتھ ڈیل کرنیوالا مشکوک شخص کوئی غیر ملکی نہیں ہے بلکہ مشکوک شخص کا تعلق بھی پاکستان سے ہے۔  شرجیل خان اور خالد لطیف کا تعلق اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہے اس ٹیم میں قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم بھی شامل ہیں سابق کپتان کا نام بھی میچ فکسنگ کے معاملے میں اچھے انداز میں نہیں کیا جاتا ان پر ماضی میں اس حوالے سے سنجیدہ نوعیت کے الزامات لگتے رہے ہیں ایک مرتبہ پھر میچ فکسنگ اور اسکے اردگرد وسیم اکرم کی موجودگی نے شکوک وشبہات میں اضافہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ

دونوں کھلاڑیوں کے"بکیز " سے قریبی تعلقات اور بڑے نقصان سے بچنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے خود کارروائی کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو عبوری طور پر معطل کرنیکے بعد فوری طور پر وطن واپس بھیج دیا ہے۔ اب پی سی بی اس سنجیدہ معاملے کی خود انکوائری کریگا۔ پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم عزیز سیٹھی نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کو اپنی صفائی پیش کرنیکا موقع دیا جائیگا۔ پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کی شاندار کامیابی اور سیزن ٹو کی رنگارنگ افتتاحی تقریب کے بعد سپاٹ فکسنگ کے اس کیس سے آغاز ہی میں ٹونٹی ٹونٹی لیگ کی ساکھ کو دھچکا پہنچا ہے۔ 

مزیدخبریں