اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پوری (ن) لیگ، شہباز شریف اور میں نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے پریس کانفرنس کے دوران قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس اور نواز شریف سے ملاقات کی تفصیلات بتائیں۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ممبئی حملوں سے متعلق نواز شریف نے بتایا کہ انہوں نے ایسا بیان نہیں دیا اور ان کے بیان کی غلط رپورٹنگ کی گئی جب کہ قومی سلامتی کمیٹی نے ان الفاظ کی مذمت کی جو غلط پیش کیے گئے۔وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف سے منسوب بیان کے کچھ حصے درست نہیں، موجودہ صورتحال میں غلط فہمیاں بڑھ گئی تھیں، نواز شریف نے کہا کہ ان کا انٹرویو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
صحافی نے سوال کیا کہ سول عسکری تناؤ پر آپ کیا کہیں گے جس پر وزیراعظم نے کہا کہ تناؤ پیدا ہوتے رہتے ہیں، حقائق سامنے آتے ہیں تو تناؤ ختم ہوجاتے ہیں۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مجھے کوئی کھینچ رہا ہے اور نہ کسی کو کھینچنے کی اجازت ہے، وضاحتی بیان دینے کا فیصلہ میرا اپنا ہے اور مجھے نہ تو آرمی چیف نے وضاحت کے لیے کہا ہے اور نہ ہی نواز شریف نے۔وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف میرے کل بھی لیڈر تھے، آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نواز شریف کے متنازع بیان پر پاک فوج کی تجویز پر بلائے جانے والے اجلاس کی صدارت کی تھی جس کے بعد انہوں نے نواز شریف سے ملاقات بھی کی۔