عمران خان نے 1992 کا ورلڈکپ جیتا،والدہ کی وفات کے بعد کینسرہسپتال بنایا۔تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔

Aug 17, 2018 | 09:25

عمران خان پانچ اکتوبر انیس سو باون کولاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ایچی سن کالج لاہور اور رائل گرامر سکول وورسیسٹر برطانیہ سے تعلیم حاصل کی۔ انیس سو بہتر میں عمران خان نے آکسفورڈ سے فلسفہ، سیاست اور اقتصادیات میں گریجویشن کی۔ اور ایک کرکٹر کے طور پر دنیا بھر میں اپنا لوہامنوایا۔انکی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے انیس سو بانوے کا ورلڈ بھی جیتا۔ نوے کے دہائی میں عمران خان نے والدہ کی وفات کے بعد شوکت خانم کینسر ہسپتال کی بنیاد رکھی۔انیس سو چھیانوے میں عمران خان کی زندگی نے نئی کروٹ لی۔ اور انہوں نے سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔ انیس سو ستانوے میں انہوں نے این اے تریپن میانوالی اور این اے چورانوے لاہور سے انتخابات میں حصہ لیا لیکن مسلم لیگی امیدواروں سے شکست کھا گئے۔ دوہزار دو میں دوبارہ انتخابات میں حصہ لیا اور پہلی بار رکن قومی اسمبلی بننے میں کامیاب ہوئے۔ عمران خان کا دعویٰ ہے کہ اس وقت صدر پرویز مشرف نے انہیں وزیراعظم بنانے کی پیشکش کی تھی جو انہوں نے ٹھکرا دی۔ اکتوبر دوہزارسات میں عمران خان سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف بننے والے سیاسی اتحاد آل پارٹیز ڈیموکریٹک موومنٹ کا حصہ بن گئے اور ایم این اے کے نشست چھوڑ دی۔ بعد میں دوہزار آٹھ کے انتخابات کا بھی بائیکاٹ کر دیا۔دوہزار بارہ میں عمران خان اپنی سیاسی جدوجہد میں تیزی لے آئے اور شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کا سلسلہ شروع کیا۔ دوہزار تیرہ کے الیکشن میں بھرپورانتخابی مہم چلائی۔ توقع کے مطابق نتائج تو حاصل نہ کر سکے تاہم تحریک انصاف ملک کی تیسری بڑی جماعت کے طورپرسامنے آئی۔ انتخابات کے بعد عمران خان اکثر جلسوں میں مسلم لیگ ن پر دھاندلی کا الزام لگاتے رہے۔ ان کے اس نظریے میں اس وقت مزید شدت آ گئی جب انہوں نے طاہرالقادری کیساتھ مل کر اسلام آباد میں دھرنا دیدیا۔ جس کے وہ خاطرخواہ فوائد حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ بالآخر ایک معاہدے کے بعد انہیں اپنا دھرنا ختم کرنا پڑا۔

مونتاج

عمران خان نے کرکٹ اور سیاست میں تو خوب شہرت سمیٹی ہے لیکن ان کی ازدواجی زندگی انتشار کا شکار رہی ہے۔ کپتان نے پہلی شادی انیس سو پچانوے میں برطانوی شہری جمائما گولڈسمتھ سے کی جو دوہزارچار میں طلاق پر ختم ہوئی۔ عمران خان کے دو بیٹے ہیں جو اپنی والدہ جمائما کیساتھ انگلینڈ میں ہی رہتے ہیں۔ عمران خان نے دوسری شادی ریحام خان سے کی جو بمشکل ایک سال ہی چلی اور اس کا نتیجہ بھی طلاق کی صورت میں نکلا۔ بشریٰ مانیکا عمران خان کی تیسری منکوحہ ہیں جن کے ساتھ فی الحال کپتان کی زندگی خوش و خرم انداز میں گزر رہی ہے۔

مونتاج

عمران خان کرکٹ کی طرح سیاست میں بھی جارحانہ مزاج رکھتے ہیں۔ ایک طرف جہاں وہ پیپلزپارٹی کے خلاف تندوتیز بیانات دیتے ہیں وہیں مسلم لیگ ن بالخصوص نوازشریف ان کے سخت بیانات کا ہدف رہتے ہیں۔ عمران خان دوہزار اٹھارہ میں ہرصورت وزیراعظم بننا چاہتے ہیں اس لیے اس بار وہ اپنی انتخابی حکمت عملی کو زیادہ منظم اور بہتر طریقے سے چلا رہے ہیں۔ انتخابات کا فیصلہ چاہے کچھ بھی برآمد ہو،،، عمران خان پاناما کیس میں نوازشریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ ن کو دباؤ میں لانے میں کامیاب رہے ہیں۔

مزیدخبریں