عمران خان نے انڈے اور مرغی ہی عوام کی پہنچ سے باہر کر دیئے۔ مریم اورنگزیب
مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے انڈے اور مرغی ہی عوام کی پہنچ سے باہر کر دیئے،عمران خان آپ کا اعتراف ِ گناہ درست ہے کہ ابھی آپ کو حکومت چلانا سیکھنا ہے۔ اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان آپ کا اعتراف ِ گناہ درست ہے کہ ابھی آپ کو حکومت چلانا سیکھنا ہے لیکن آٹا چینی ، بجلی گیس ، دوائی اور اب انڈوں کی چوری میں آپ سے بڑا قابل مافیا اور چور کوئی نہیں ، آپ نے تو انڈے اور مرغی سے معیشت ٹھیک کرنی تھی لیکن آپ نے تو انڈے اور مرغی ہی عوام کی پہنچ سے باہر کر دیئے۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف کے دور میں جس قیمت میں مرغی ملتی تھی، آج انڈے مل رہے ہیں،اس سے پہلے کہ ایک انڈے کی قیمت مرغی خانے کے برابر ہو جائے آپ استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔انہوںنے کہا کہ روٹی، آٹا، چینی، دوائی کے بعد انڈے اور مرغی بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئے ، آٹا، چینی ، بجلی ، گیس، دوائی اور انڈے مافیا ملک پہ مسلط ہے۔