پاک فوج مادر وطن کے دفاع کیلئے ہرقیمت پر تیار ہے: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہا ہےکہ پاکستان کی فوج میدان جنگ کی بہترین فوج ہے، پاک فوج نے فرائض کی ادائیگی کے لیے بے تحاشا قربانیاں دی ہیں۔انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز لاہور کا دورہ کیا، آرمی چیف کوفارمیشن کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔آرمی چیف نےکور کی آپریشنل تیاریوں اور کورونا وبائی امراض کے خلاف اٹھائےگئے اقدامات کو سراہا، آرمی چیف نے بیدیاں میں فارورڈ دستوں کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں مقامی فارمیشن کمانڈر نے بریفنگ دی۔
آرمی چیف نے فوجی جوانوں کے حوصلے اور آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا، افسروں اور جوانوں سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم میدان جنگ کی بہترین فوج ہیں، جس نے فرض شناسی میں بے شمار قربانیاں دی ہیں، ہم ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع کے لیے تیار ہیں۔