ریلوے حکام کراچی سرکولر ریلوے کے منصوبے میں مسائل پیدار کررہے ہیں:وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سی پیک کی جوائنٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر شاہ اور اعلی حکام شریک ہوئے ۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کراچی سرکولر ریلوے کیلئے ریلوے حکام ایک ریلوے ٹریک کا حصہ نہیں دینا چاہتے۔ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کی زمین ٹرانسفر ہو رہی ہے، کام مکمل ہونے والا ہے، کیٹی بندر کی فزیبلٹی ایڈوانس اسٹیج پر ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ریلوے حکام کراچی سرکولر ریلوے کے منصوبے میں مسائل پیدار کررہے ہیں۔ اگر منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا تو اس کی ذمہ دار ریلوے اور وفاقی حکومت ہوگی۔ انکا کہنا تھا کہ ریلوے کی زمین سندھ حکومت کی ہے، اس زمین پر پہلا حق کراچی کے عوام کا ہے، کراچی کی عوام نے بڑے دھوکے کھائے ۔ ان سے مزید کوئی دھوکہ نہیں ہونے دوں گا۔ کیٹی بندر کی فزیبلٹی جلد چینی حکام کو بھیجی جائے۔