سیاستدان گالی گلوچ کا سہارا لیتا ہے نہ فحاشی عام کرتا ہے، وہ قوم کو منزل دکھاتا ہے کرپشن کے گر نہیں بتاتا، امیر جماعت اسلامی سراج الحق
اسلام آباد میں ایم ایم اے کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہم اس ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں اس کے علاوہ ہمارا کوئی مقصد نہیں،،، پاکستان ایک نظریہ، ایک فلسفہ اور ایک منزل کا نام ہے، جس کی خاطر کروڑوں لوگوں نے قربانی دی،، سیاستدان گالی گلوچ کا سہارا لیتا ہے نہ فحاشی عام کرتا ہے، وہ قوم کو منزل دکھاتا ہے کرپشن کے گر نہیں بتاتا، ہماری سیاست نفرت نہیں محبت کی سیاست ہے، ہم توڑنے والے نہیں جوڑنے والی سیاست کرتے ہیں، ہم لڑائی کسی فرد یا خاندان سے نہیں ہماری لڑائی سیاسی، اخلاقی اور معاشی کرپشن کے خلاف ہے ، چال بازی، دروغ گوئی اور جھوٹ و فریب کو مسترد کرتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک پاکستان کا مقصد ایسٹ انڈیا کے خلاف مزاحمت سیکولر ازم نہیں اسلامی ملک کے لئے تھی، ایم ایم اے کو حکومت ملی تو عوام سوئے گی ہم پہرہ دینگے، ہر بچے کے ہاتھ میں کتاب ہوگی، ان سیاستدانوں کو قوم نے 70 سال تک آزمایا، مارشل لا کی حکومت ہوتو تب بھی یہی جاگیر دار براجمان ہوتے ہیں، اگر نام نہاد جمہوریت ہو تب بھی انہی کے وارے نیارے ہوتے ہیں، ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن اس کے باوجود کیوں عوام آج دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے اس کی وجہ کرپٹ حکمران ہیں