شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ,6 خوارج ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 5 جوان شہید
شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں سے سپن وام میں فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک ہوئے ہیں۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت اور 5 جوان شہید ہوئے ہیں۔خوارج کے خلاف 4 اور 5 اکتوبر کی درمیانی شب کاروائی کی گئی، شہید سپاہیوں میں لانس نائیک محمد اللّٰہ، لانس نائیک اختر زمان اور لانس نائیک شاہد اللّٰہ شامل ہیں۔لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت خوارج کے خلاف آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ شہدامیں لیفٹیننٹ کرنل محمدعلی شوکت، نائیک محمداللہ، لانس نائیک اخترزمان، لانس نائیک شاہداللہ، لانس نائیک یوسف علی اورسپاہی جمیل احمد شامل ہیں۔ علاقے میں ممکنہ خوارجیوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہیدکا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت شہید نے سوگواران میں اہلیہ اور تین بیٹے چھوڑے۔ 30 سالہ لانس نائیک محمد اللہ شہید کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔ لانس نائیک محمد اللہ شہید نے پاک فوج میں 13 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔لانس نائیک محمد اللہ شہید نے اہلیہ غمگسار چھوڑی۔ 30 سالہ لانس نائیک اختر زمان شہید کا تعلق ضلع لکی مروت سے ہے۔ لانس نائیک اختر زمان شہید نے 10 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سر انجام دیا۔ لانس نائیک اختر زمان شہید نے اہلیہ سوگوار چھوڑی۔ 29 سالہ لانس نائیک شاہد اللہ شہید کا تعلق ضلع ٹانک سے ہے۔لانس نائیک شاہد اللہ شہید نے 7 سال پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں۔ لانس نائیک شاہد اللہ شہید نے سوگواران میں اہلیہ چھوڑی۔ 31 سالہ لانس نائیک یوسف علی شہید کا تعلق لوئر اورکزئی سے ہے۔ لانس نائیک یوسف علی شہید نے 11 سال تک پاک فوج میں رہتے ہوئے دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا۔لانس نائیک یوسف علی شہید نے غمگساروں میں اہلیہ چھوڑی۔ 26 سالہ سپاہی جمیل احمد شہید کا تعلق ضلع سوات سے ہے۔سپاہی جمیل احمد شہید نے پانچ سال تک پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں۔ سپاہی جمیل احمد شہید نے اہلیہ سوگوار چھوڑی۔