پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 05 اکتوبر کو اساتذہ کا عالمی دن منایا جارہا ہے
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 05 اکتوبر کو اساتذہ کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ 05 اکتوبر کا دن ہمارے اُن رہبروں کے نام جنہوں نے ہم جیسے بے شعوروں کو شعور دے کر انسان جیسی عظیم ہستی بنایا۔جس وجہ سے اساتذہ اخلاقی، فکری اور سماجی ترقی کے معمار ہیں۔ آج کے دن اساتذہ کرام کے انمول کردار کو عزت دینے کے لئے اور ان کی گراں قدر خدمات پر خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ اساتذہ کی سماجی و قومی ترقی میں گراں قدر حصے کے اعتراف کیلئے 1994ء سے یہ دن منانے کا سلسلہ شروع ہوا اور وقت کے ساتھ یہ روایت مضبوط ہوئی اور وہ معاشرے جہاں ماضی قریب میں اس خصوصی دن کا تصور نہ تھا اب وہاں بھی "ہیپی ٹیچرز ڈے" پر بچے اپنے معمار اساتذہ کو تحائف اور تہنیتی کارڈ پیش کرتے اور پیغامات بھیجتے ہیں اور ساتھ خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس روایت نے استاد اور شاگرد کے خوبصورت اور انمول رشتے میں نئے احساسات اجاگر کئے ہیں۔ اساتذہ کی خدمات کے اعتراف کا ایک طریقہ یہ ہے جو ٹیچرز ڈے پر حق خدمت کے طور پر اختیار کیا جاتا ہے مگر صرف پھول، کارڈ یا تحائف ہی اس اعتراف کیلئے کافی نہیں۔ آج کے دور کے اساتذہ کرام کو چاہیے کہ وہ اپنے آپ کو مثالی کردار بنا کر پیش کریں اور اپنی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کریں، تاکہ اچھے تعلیم یافتہ اور مثالی کردار کے نوجوان پیدا ہوں۔