سعودی عرب کے جی ڈی پی میں رواں سال 1.7 فیصد اضافہ متوقع
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)نے کہا ہے کہ 2024 کے دوران سعودی عرب کے جی ڈی پی میں 1.7 فیصد اضافہ متوقع ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے جاری گلوبل اکنامک آئوٹ لک رپورٹ میں توقع ظاہر کی گئی کہ 2025 میں سعودی معیشت کی شرح نمو 4.7 فیصد رہے گی ، اس سے قبل اپریل میں 6 فیصد شرح نمو کا اندازہ لگایا گیا تھا۔آئی ایم ایف نے مملکت میں بینکنگ سیکٹر کی مضبوطی کی تعریف کی اور کہا کہ سعودی بینک مضبوط مالیاتی اور اقتصادی پالیسیوں کے باعث عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں،توقع ہے نان آئل سیکٹر(جس میں حکومتی سرگرمیاں شامل ہیں)کی رواں سال( 2024 ) کی شرح نمو 3.5 فیصد رہے گی۔فنڈ نے واضح کیا کہ مملکت میں بے روزگاری کی شرح میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی، خاص کر لیبر مارکیٹ میں خواتین کی شرکت کے بعد سے بہتری ہوئی جو مملکت کے وژن 2030 کے مطابق ہے۔