3 فارمیٹ، 3 کپتان: ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کیلئے نئے فارمولے پر غور شروع
قومی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے تینوں طرز میں الگ کپتانوں کے تقرر پر غور شروع ہو چکا، ٹیسٹ میں قیادت سرفراز احمد کو سونپنے کا امکان ہے، بابر اعظم بدستور ٹی 20 میں فرائض نبھاتے رہیں گے۔ شان مسعود کو ون ڈے میں کپتان بنانے کی باتیں ہو رہی ہیں، اسی لیے انھیں نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز میں نائب قائد کی ذمہ داری دی گئی البتہ بیٹرپر واضح کر دیا گیا کہ پہلے وہ کارکردگی میں بہتری لائیں، اس کے بعد حتمی فیصلہ ہو گا، بصورت دیگر مختلف آپشنز دیکھے جائیں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان ٹیم گذشتہ سال ہوم گراؤنڈ پر کوئی ٹیسٹ نہ جیت سکی، اسے مسلسل 4 میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، آسٹریلیا کے بعد انگلینڈ سے بھی سیریز میں شکست ہوئی، اس دوران بابر اعظم کی انفرادی کارکردگی تو بہتر رہی مگر قیادت پر سوال اٹھائے گئے۔ پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی سمجھتی ہے کہ ٹاپ بیٹر پر کام کا دباؤ بہت زیادہ ہے، بیٹنگ کے ساتھ انھیں قیادت کے معاملات بھی دیکھنا پڑتے ہیں اسی لیے تینوں طرز میں الگ کپتان مقرر کرنے پر غور ہونے لگا ہے، بابر کو ٹی 20 میں قائد برقرار رکھا جائے گا، ان کی زیرقیادت قومی ٹیم نے گذشتہ سال ورلڈکپ کا فائنل کھیلا تھا۔