کراچی…اپوزیشن استعفے دیدے، حکومت ختم ہو جائے گی، مصطفی کمال
کراچی(صباح نیوز) پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی )کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ اپوزیشن استعفے دیدے، حکومت ختم ہو جائے گی، کراچی سے لیکر کشمور تک عوام کو پیپلزپارٹی پر اعتبار نہیں۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اپوزیشن حکومت گرانے جبکہ حکومت اقتدار بچانے میں لگی ہے، یہ ملک آٹو پر چل رہا ہے، اپوزیشن استعفے دیدے، حکومت ختم ہو جائے گی،ایک کے بعد ایک پریس کانفرنس مکمل ڈرامہ ہے پوری قوم مایوس ہے، عوام نا امید ہوتے جا رہے ہیں، کسی قوم کو تباہ کرنا ہو تو اس کی امید ختم کر دو۔انہوں نے کہا کہ کراچی وہ شہر ہے جو پورے ملک کو ریونیو کما کر دیتا ہے، کراچی سے لیکر کشمور تک عوام کو پیپلزپارٹی پر اعتبار نہیں، کراچی میں 6 ماہ کے دوران ڈیڑھ لاکھ بچوں کو کتوں نے کاٹا، کسی کو سکولوں، ہسپتا لوں اور پینے کے صاف پانی کی فکر نہیں۔انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ! آپ جو گرین لائن دے کر گئے اسے پیپلزپارٹی مکمل نہ کرسکی، آپ کے دور میں شروع ہونیوالا کے فور آج تک مکمل نہ ہوسکا، 2 سال سے کے فور منصوبہ ڈیزائن کی خرابی کے باعث بند ہے، نواز شریف نے کبھی سندھ حکومت سے کراچی کی صورتحال کا پوچھا ؟ پاکستان میں اگر کسی کے پاس زیادہ پیسہ ہے تو وہ وزیراعلیٰ سندھ ہیں، ایک شخص پاکستان میں پاور فل ہے، وہ وزیراعلیٰ سندھ ہے۔