ُپاکستان کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست، سیریز نیوزی لینڈ کے نام
نیوزی لینڈ نے آخری ون ڈے میچ میں پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔پاکستان نے کیوی ٹیم کو جیت کیلئے 281 رنز کا ہدف دیا تھا جو انہوں نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 48.1 اوور میں حاصل کرلیا۔گلین فلپس نے 42 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور ناٹ آؤٹ رہے۔ڈیون کونوائے 52 اور کین ولیم سن نے 53 رنز کی اننگز کھیلی، فن ایلن 25 ، ڈیریل مچل 31 اور بریسویل 7 رنز بناسکے۔سلمان آغا اور وسیم جونیئر نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں، محمد نواز اور اسامہ میر کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا آخری اور تیسرا فیصلہ کن میچ جمعہ 13 جنوری کو کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلا گیا، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔ فخر زمان 101، محمد رضوان، 77 اور آغا سلمان 45 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔ٹم ساوتھی 3، لوکی فرگوسن 2، مچل بریسویل اور اش سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔