پاکستان ترکمانستان کے ساتھ تعلقات کومزیدفروغ دے گا:وزیر خارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ پاکستان ترکمانستان کے ساتھ اقتصادی اورتجارتی تعلقات کومزیدفروغ دے گا۔وہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کے بعدترکمانستان کے وزیرخارجہ راشدمیری دوف کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ دونوں ملکوں نے پاکستان۔ترکمانستان بزنس فورم کوفعال بنانے پراتفاق کیاہے۔انہوں نے کہاکہ دونوںملکوں کے درمیان تیل اورگیس کی تلاش کے لئے ایک ورکنگ گروپ کے قیام پربھی بات چیت ہوئی ہے۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ ترکمانستان، افغانستان، پاکستان، بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کے حوالے سے حوصلہ افزا پیشرفت ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ گوادر کو ترکمانستان سے ملانے اور توانائی راہداری سے متعلق امورپربھی تبادلہ خیال ہواہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ منصوبے پرتعمیراتی کام شروع کرنے کیلئے اکتوبر دوہزارانیس کے نظام الاوقات کوحتمی شکل دی گئی ہے اوریہ طے پایا ہے کہ منصوبے کاپہلامرحلہ دوہزاربائیس میں مکمل کیاجائے گا۔ترکمانستان کے وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستانی قیادت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔اس سے پہلے شاہ محمودقریشی اورترکمانستان کے اُن کے ہم منصب نے اسلام آباد میں پاکستان۔ ترکمانستان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے دوسرے مرحلے میں اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔فریقین نے باہمی دلچسپی کے شعبوں خصوصاً زراعت ،ٹیکسٹائل،افزائش حیوانات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے ذریعے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور سیاحت کے فروغ اور عوام کی سطح پر ر ابطے بڑھانے کے لئے زمینی اورفضائی رابطوں کے ذریعے وسیع ترروابط یقینی بنانے کے مختلف اقدامات پربھی زوردیا۔