لاہور،فیصل آباد میں موسم سرما کی پہلی بارش ، اسموگ میں کمی
تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں اسلام آباد ، راولپنڈی اور فیصل آباد شہر اور گردونواح میں ہونے والی موسم سرما کی پہلی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ،گرج چمک اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ بارش کے باعث اسموگ میں بھی خاصی حد تک کمی واقع ہوئی ہے، محکمہ موسمیات نے آج لاہور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بادل برسنے کی پیش گوئی کر رکھی تھی ، بارش کے بعد شہریوں کے چہرے خوشی سے کِھل اٹھے ، اسلام آباد میں بھی مطلع ابر آلود رہنے اور بارش کا امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے ، سوات ، مینگورہ شہر، بریکوٹ ، خوازاخیلہ، چارباغ اورتحصیل کبل میں بارش ہوئی ہے ۔ گلگت بلتستان کے علاقے استور ، غذر میں بھی بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس سے نظام زندگی بھی معطل ہوا ہے جبکہ دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔