ملک بھر میں شہدائے کربلا کی یاد میں 10 محرم الحرام کو یوم عاشور انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا
ملک بھر میں یوم عاشورجمعرات کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا، نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تمام چھوٹے بڑے شہروں ، قصبوں اور دیہات میں علم، ذوالجناح اور تعزیے کے جلوس مرکزی امام بارگاہوں سے برآمد ہو ئے، سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا گیا جبکہ جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے۔
جڑواں شہروں راولپنڈی۔اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ، علم تعزیے اور ذوالجناح کے جلوس جمعارت 10 محرم الحرام کو مرکزی امام بارگاہوں سے برآمد ہوئے جونوحہ خوانی کرتے ہوئے اپنے مخصوص مقامات پر اختتام پذیر ہوگئے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم عاشور کے موقع پر جی نائن مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا اور اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا اپنے مقام آغاز پر اختتام پذیر ہوگیا۔اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے جبکہ عزا داروں کے لئے جگہ جگہ سبیلوں کا اہتمام کیا گیا تھا، جلوس برآمد ہونے سے قبل مذہبی سکالرز نے واقعہ کربلا پرروشنی ڈالی اور شہادت امام عالی مقام کے مختلف پہلوﺅں کو اجاگر کیا، پولیس رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے علاوہ مختلف تنظیموں کے رضاکاروں نے بھی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔اسی طرح اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، سرگودھا، میانوالی ، لاہور، ملتان، ڈی جی خان سمیت پنجاب بھر کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں بھی تعزیہ ، علم اور ذوالجناح کے جلوس سخت سکیورٹی حصار میں برآمد ہوئے۔