ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی: پیٹرولیم ڈویژن کا دعویٰ
اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، گیس دباؤ میں کمی کی شکایات کو حل کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کا دعویٰ ہے کہ ملک میں کہیں بھی گیس لوڈ شیڈنگ نہیں کی جارہی، ترجمان کا کہنا ہے کہ گھریلو، انڈسٹریل اور کمرشل صارفین کے لیے کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ 18 دسمبر کے لیے شیڈول ایل این جی کارگو آج پہنچ جائے گا، گیس دباؤ میں کمی کی شکایات کو حل کیا جا رہا ہے، دونوں گیس کمپنیاں گیس فراہمی نارمل رکھنے میں سرگرم عمل ہیں۔ ترجمان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ گیس کمپریسر کا استعمال غیر قانونی ہے، گیس کمپریسر کے استعمال میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔